لاہور (آن لائن) وفاقی حکومت نے ماہ رمضان میں ملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹوروں کے ذریعے صارفین کو سبسڈی کی بناد پر فراہم کی جانے والی سستی اشیاء پر دی جانے والی 2 ارب روپے کی سبسڈی کو پورا کرنے کے لئے یوٹیلیٹی سٹوروں میں موجود اشیاء کی قیمتوں میں اچانک بے بہا اضافہ کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے اپنے وعدے کے مطابق پاکستان یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریش کو بیل آؤٹ پیکیج فراہم کرنے کی بجائے اشیاء کی
قیمتوں میں اضافہ کیا ہے تاکہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ہزاروں ملازمین ماہ رمضان میں ہی اپنی واجب الاد تنخواہیں وصول کر سکیں۔ دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی عنیزہ فاطمہ نے یوٹیلیٹی سٹوروں میں فروخت کی جانے والی اشیاء کی قیمتوں میں بے بہا اضافہ کے خلاف ایک قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے۔ جس میں انہوں نے قیمتوں میں حالیہ اضافے کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔