اسلام آباد(آن لائن) قومی احتساب بیورو نے میڈیا کے ایک سیکشن میں جعلی اکاؤنٹس کیس کے سلسلہ میں3ہزار صفحات غائب ہونے کی خبر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف آئی اے نے بینکنگ کورٹ کراچی میں جعلی اکاؤنٹس کا کیس دائر کیا تھا جس کو نیب نے اے16کے تحت کراچی سے اسلام آباد شفٹ کرنے کی درخواست کی تھی جو بینکنگ کورٹ کراچی نے منظور کر لی۔ نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس کا ابھی تک کوئی ریفرنس احتساب عدالت میں دائر نہیں کیا
اس لیے مبینہ طور پر 3ہزار صفحات جعلی اکاؤنٹس کیس غائب ہونے کا ذمہ دار نیب نہیں ہے۔ نیب کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں جو ذمہ داری، احکامات صادر کیے تھے نیب ان پر من وعن عملدرآمد کرنے پر عمل پیرا ہے۔ میڈیا سے درخواست ہے کہ وہ قیاس آرائیوں سے گریز کرے اور نیب سے متعلق کسی بھی خبر کو نشر وشائع کرنے سے پہلے نیب کا موقف ضرور لیا جائے جو کہ میڈیا کی صحافتی ذمہ داری ہے۔