کراچی(بی این پی ) پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے پاکستان میں شراب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ تفصیلات کے مطابق شراب کی ایک بڑی کھیپ پاکستان میں اسمگل کی جا رہی تھی جسے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے ناکام بنا دیا۔
اس کارروائی میںپی ایم ایس اے کے ہوائی جہاز اور تیز رفتار بوٹ نے حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران مشکوک بوٹ سے 65 ہزار سے زائد شراب کی بوتلیں اور بئیر کین برآمد کیے گئے۔یہ کارروائی پاکستان کی میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کو خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد کی گئی جس پر میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے تمام سمندری راستوں پر اپنے تیز رفتار جہاز اور ہوائی جہاز تعینات کیے۔ میری ٹائم ایجنسی کی بوٹ نے 11 مارچ کی رات کو ایک مشکوک بوٹ کا تعاقب کرتے ہوئے مکران پوسٹ کے قریب اسے پکڑ لیا۔
بوٹ کی تلاشی کے دوران اس میں سے 65 ہزار سے زائد شراب کی بوتلیں اور بئیرکین برآمد ہوئے۔قبضے میں لی جانے والی شراب کی مالیت تقریباً چالیس کروڑ پاکستانی روپے ہے۔ کارروائی کے دوران بوٹ میں سوار سات افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔ کارروائی میں پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کو کسٹم حکام کا بھی بھرپور تعاون حاصل رہا۔ گرفتار افراد کو برآمد کی جانے والی شراب سمیت کسٹم حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے مطابق یہ آپریشن تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن ہے۔