اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مودی سے بات ہوگی تو مسئلہ کشمیر کا ہی ذکر ہوگا ، تنازعہ کشمیر کو حل کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔ ایک انٹرویوکے دوران وزیر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ دنوں کی نسبت صورتحال بہتر ہو رہی ہے، حالیہ بحران کا ہر زاویہ مسئلہ کشمیر کے ارد گرد ہی گھومتا ہے، مودی سے بات ہو گی تو مسئلہ کشمیر کا
ہی ذکر ہو گا، تنازعہ کشمیر کو حل کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، پلوامہ واقعے سے متعلق پاکستان نے بھارت کو مکمل تحقیقات کی پیشکش کی لیکن اس نے 12 روز بعد ہمیں ڈوزیئر بھیجا جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری پاکستان اور بھارت کو تنائو کے خاتمے کا کہہ رہی ہے اور تمام معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دے رہی ہے جو خوش آئند ہے۔