کراچی (این این آئی) سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ نیب کی حوالات میں جس جگہ مجھے رکھا گیا ہے وہاں صرف ایک کھڑکی ہے اور کمرے میں کمرے میں صرف ایک ٹیوب لائٹ ہے،وہاں جو ماحول ہے وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے یہ بات جمعہ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی کے غلام قادر چانڈیو کے ایک نکتہ اعتراض پر بتائی۔ پی پی کے رکن نے اسپیکر آغا سراج درانی کی صحت کے حوالے سے معاملہ نکتہ اعتراض پر اٹھا یا تھا۔ جس پر اسپیکر نے کہا کہ اب آپ نے پوچھا ہے تو میں بتاتا ہوں کہ مجھے کس حال
میں رکھا گیا ہے۔آغا سراج درانی نے کہا کہ لگتا ہے انکی سوچ بھی بھارت جیسی ہے۔ اسپیکر کا کہنا تھا کہ میرے خلاف شکایت کی گئی ہے کہ یہ طویل اجلاس چلا رہے ہیں حالانکہ اس اجلاس میں ملکی سالمیت اور بھارتی جارحیت کے خلاف بات کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پتہ نہیں کہاں کہاں سے میرے خلاف خبریں چلوائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میری خیر ہے میں نے پہلے بھی جیلیں دیکھی ہیں،ہماری قیادت نے سامنا کیا ہے ہم بھی سامنا کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ میں تمام ہاو س کا شکر گزار ہوں۔ میرے حوالے سے جس نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔