اسلام آباد (این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ گزشتہ حکومت کے ادوار میں پاک سعودی تعلقات سر د مہری کا شکار تھے ، وزیر اعظم عمران خان کے یکے بعد دیگرے دو دوروں سے تعلقات بحال ہوئے، سپریم کوآرڈینیشن کونسل تعلقات کا رخ موڑ دیگی،سیاسی تعلقات کے علا وہ ایک مثالی دوطرفہ اقتصادی شراکت داری قائم ہوگی۔
اتوار کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پندرہ سال بعد اس سطح کا وفد پاکستان آرہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومت کے ادوار میں تعلقات سرد مہری کا شکار ہوئے۔ انہو ں نے کہاکہ ہماری حکومت نے تعلقات کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کو دوبارہ استوار کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے یکے بعد دیگرے دو دوروں سے تعلقات بحال ہوئے،تعلقات نے نئی نوعیت اختیار کی۔وزیر خارجہ نے کہاکہ سپریم کوارڈینیشن کونسل کا علان ہوگا، وہ ان تعلقات کا رخ موڑ دیگی۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ سیاسی تعلقات کے علا وہ ایک مثالی دوطرفہ اقتصادی شراکت داری قائم ہوگی۔انہوں نے کہاکہ آپ نے دیکھا سعودی عرب نے کس طرح ہماری مالی مدد کی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ جو سرمایہ کاری اور ایم او یوز پر دستخط ہونگے اس سے دونوں ملک ایک نئے دور میں داخل ہونگے۔انہوں نے کہاکہ عوام کی سہولت کیلئے سعودی عرب نے ویزہ فیس کم کی ہے ،اس سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو سہولت ملے گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے بھی اپنے ویزوں کو آسان بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی بھی جب پاکستان آئیں گے تو انہیں آمد پر ویزہ مل جائے گا،اس سے کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا ہونگی۔انہوں نے کہاکہ جس سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔