اسلام آباد (این این آئی) پاکستان میں تعینات آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی گریفیتھ یونیورسٹی ہر سال پانچ پاکستانی طلباء کو 100 فیصدٹیوشن فیس معافی پر تعلیم فراہم کریگی۔جمعرات کو پاکستان میں تعینات آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری سے ملاقات کی ۔
ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن آسٹریلوی ہائی کمیشن کیساتھ اپنی پارٹنر شپ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی گریفیتھ یونیورسٹی کی جانب سے ہر سال پانچ پاکستانی طلباء کو 100 فیصد ٹیوشن فیس معافی پر تعلیمی کی فراہمی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کیساتھ 10 آسٹریلوی جامعات منسلک ہیں جن میں 160 پاکستانی طلباء پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی ترجیح سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے مضامین کیساتھ ساتھ سوشل سائنس اور آرٹس کے مضامین بھی ہیں۔ انہوں نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے وظائف کے پروگرام پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے سکالرز کو 6 ماہ کیلئے بین الاقوامی جامعات میں بھجوایا جاتا ہے تاکہ ان کو تعلیم و تحقیق کے میدان میں وسیع تجربہ دلایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستانی سکالرز کو پوسٹ ڈاک فیلو شپ کیلئے بھی وظائف فراہم کر رہا ہے۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہاکہ پاکستان اور آسٹریلیا نے تعلیم و تحقیق، کم دورانیہ اور زیادہ دورانیہ کی ٹریننگ ، استعداد کار میں اضافے کے پروگراموں سمیت اعلی تعلیم کے دیگر شعبوں میں دوررس نتائج کی حامل شراکت داری کر رکھی ہے۔ پاکستان میں تعینات آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی گریفیتھ یونیورسٹی ہر سال پانچ پاکستانی طلباء کو 100 فیصدٹیوشن فیس معافی پر تعلیم فراہم کریگی۔