لاہور (ا ین این آئی) سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میرا حوصلہ بلند ہے اور وہ جلد عوام کے درمیان ہوں گا،ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ میاں صاحب آپ کا دل بڑھا ہوا ہے، میں نے ڈاکٹروں سے کہا میرا دل تو ویسے ہی بڑا ہے،کھلے دل کا انسان ہوں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کوٹ لکھپت جیل میں ملاقاتیں کرنے والے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہاکہ پاکستان میں سابق وزرائے اعظم کے ساتھ تو ناروا سلوک ہوتا رہا لیکن سابق صدر کے ساتھ ایسا سلوک پہلی بار ہوا، آج بھی سابق صدر ممنون حسین کو جگہ جگہ روک کر تلاشی لی گئی، ممنون حسین بزرگ ہیں، انہیں گاڑی سے اتار کر جیل تک پیدل بھیجا گیا، کسی ملک میں سابق صدر کے ساتھ ایسا سلوک نہیں ہوتا۔اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ صحت کے پیش نظر آپ کو ہسپتال داخل یا رہائی ملنی چاہیے۔اس پر نوازشریف نے جواب دیا کہ جیل میں بھی قید ہوں اور ہسپتال میں بھی قیدی جیسی ہی صورتحال ہوتی ہے۔پارٹی رہنماؤں نے سابق وزیراعظم سے ان کے صحت کے بارے میں استفسار کیا کہ میڈیکل بورڈ نے چیک اپ کیا، ڈاکٹرز نے آپ کی صحت کے بارے میں کیا کہا؟۔نوازشریف نے کہا کہ ڈاکٹرز کہتے ہیں میاں صاحب آپ کا دل بڑھا ہوا ہے، میں نے ڈاکٹروں سے کہا میرا دل تو ویسے ہی بڑا ہے،کھلے دل کا انسان ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ میری عدم موجودگی میں آپ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوام کے حق میں آواز اٹھائیں، اچھا وقت جلد آئے گا ،میرا حوصلہ بلند ہے جلد عوام میں ہوں گا۔