کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا،کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں گیس غائب ہونے سے شہری مشکلات کا شکار ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ میں 2 گوادر اور بارکھان میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی،پشین،زیارت،دکی،ژوب،ہرنائی،چاغی،نوشکی،ڈیرہ بگٹی،کوہلو،تفتان،دالبندین ،قلات سمیت مختلف اضلاع میں بھی بارش وقفے وقفے سے
جاری ہے کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔بارش کے باعث سردی بڑھی تو کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں گیس غائب ہو گئی شہریوں کو روز مرہ کے معمولات میں مشکلات کا سامنا ہے گیس کی سپلائی متاثر ہونے پر شہریوں نے سلنڈروں کا استعمال شروع کر دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی چار، قلات میں منفی تین ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آئندہ چوبیس گھنٹوں میں صوبے کے اکثر مقامات پر مزید بارشوں کا امکان ہے۔