اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان ناکامیوں کی وجہ سے پاگل ہوگئے ہیں، ان کی باتیں خلفائے راشدین والی اور طرز عمل ابو جہل والا ہے جبکہ ان کی سیاست جھوٹ‘ ریاکاری اور گالم گلوچ پر مبنی ہے، عوام بیرون ملک سے 200 ارب ڈلر کی واپسی‘ 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریوں کا انتظار کررہے ہیں۔
حکومت روزانہ پندرہ ارب روپے کا قرض لے رہی ہے‘ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء خواجہ آصف نے وزیراعظم عمران خان کے میانوالی میں خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست جھوٹ‘ ریاکاری اور گالم گلوچ پر کھڑی ہے شہباز شریف کے خلاف بات کرنے سے پہلے ان کی طرح تین میٹرو بنا کر دکھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بتائیں پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں کہاں ہیںعوام انتظار میں ہیں کہ آپ کب دو سو ارب ڈالر پاکستان واپس لائیں گے۔ عمران خان ناکامیوں کی وجہ سے ذہنی توازن کھو چکے ہیں ۔ حکومت کے پانچ ماہ میں مہنگائی دوگنی ہوچکی ہے۔ عمران خان سامنے بیٹھے طلباء اور طالبات کو بتائے کہ انہوں نے تعلیمی بجٹ میں کتنی کٹوتی کی ہے اور پاکستانی روپے کو بدترین سطح پر پہنچانے میں ان کی نااہلی کا کتنا عمل دخل ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے تاریخ میں سب سے زیادہ قرض لیے یہ حکومت یومیہ پندرہ ارب روپے کا قرض لے رہی ہے جبکہ قوم کا ایک کھرب روپیہ برباد کرکے پشاور میٹرو کے کھڈے قوم کو تحفے میں دیئے گئے۔