اسلام آباد(آئی این پی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور آصف علی زرداری کے درمیان قربتیں بڑھنے لگیں،شہباز شریف نے آصف زرداری کی آمد پر ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا اور ان سے پرجوش مصافحہ کیا،جبکہ سردار ایاز صادق نے آصف زرداری کا پیغام بھی شہباز شریف کو پہنچایا۔پیر کو قومی اسمبلی اجلاس کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری کی آمد پر اپوزیشن ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا جبکہ
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بھی آصف علی زرداری کی آمد پر ڈیسک بجایا،اس موقع پر شہباز شریف اٹھ کر آصف علی زرداری کے پاس گئے اور دونوں کے درمیان پرجوش مصافحہ ہوا جبکہ دونوں نے ایک دوسرے سے حال احوال پوچھا،بعد ازاں سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کافی دیر آصف علی زرداری سے گفتگو کرتے رہے جس کے بعد ایاز صادق اٹھ کر شہباز شریف کے پاس آگئے اور ان تک آصف زرداری کا پیغام پہنچایا۔