ماسکو(آئی این پی) روس میں پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، سرگئی لاوروف نے کہاکہ روس اور پاکستان دونوں افغان سیاسی امن جلد از جلد شروع ہونے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔بدھ کو یہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے خصوصاً افغانستان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر
تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس دوران گفتگو کرتے ہوئے سرگئی لاروف نے کہا کہ روس اور پاکستان دونوں افغان سیاسی امن جلد از جلد شروع ہونے میں دلچسپی رکھتے ہیں ،پاکستان اوردیگرممالک افغان امن عمل میں ماسکوفارمیٹ کے موثرہونے پراتفاق کرتے ہیں۔ سرگئی لاروف نے کہا کہ افغان سیاسی عمل تمام پڑوسی ممالک کے مفاد میں بھی ہوناچاہیے،ہم ایساسیاسی عمل چاہتے ہیں جس میں افغان اپنے ملک کی قیادت کریں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان امن اورمفاہمتی عمل کی پیش رفت میں روس کی موجودگی اورشمولیت اہم ہے۔