اسلام آباد (نیوز ڈیسک)حکومت اور اپوزیشن کے درمیان قائمہ کمیٹیوں کی تقسیم پر معاملات طے پاگئے۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے ان کے چیمبر میں ملاقات کی جس میں قائمہ کمیٹیوں کے امور پر مشاورت اور اپوزیشن جماعتوں میں کمیٹیوں کی سربراہی کی تقسیم پر غور کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ قائمہ کمیٹیوں کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان معاملات طے پاگئے جس کے تحت حکومت اور اپوزیشن کو یکساں یعنی 20،20 قائمہ کمیٹیوں کی
سربراہی ملے گی۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن میں مسلم لیگ (ن) کو 9، پیپلزپارٹی اور ایم ایم اے کو10 قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی ملے گی۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن کے درمیان مشاورت جاری ہے کہ کس اپوزیشن جماعت کو کس قائمہ کمیٹی کی سربراہی دی جائے تاہم شہبازشریف کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنانے پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ حکومت کو قانون وانصاف کی قائمہ کمیٹی کی چیئرمین شپ دئیے جانے پر بھی اتفاق کرلیا گیا ہے اور ریاض فتیانہ کو کمیٹی کا چیئرمین بنایا جائے گا۔