لاہور( این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریو نیو کی ہدایت پر علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر موبائل فون کی رجسٹریشن کیلئے فیسیلٹیشن ڈیسک قائم کردیا گیا ،کسٹم حکام بغیر کسی جرمانے کے31دسمبر تک بیرون ممالک سے آنے والے موبائل فون کا آئی ایم ای نمبر فیڈ کریں گے۔کسٹم حکام 31دسمبر کے بعد ہر موبائل فون کے ماڈل اور برانڈ کی الگ الگ سی بی آر ویلیو ایشن لگائیں گے جبکہ رولنگ کے مطابق کسٹم حکام ہر موبائل کی کسٹم ڈیوٹی بھی عائد کریں گے ۔ائیر پورٹ پر ون ونڈو موبائل فیسیلٹیشن ڈیسک پر کسٹم کا عملہ تعینات کر دیا گیا ہے
اور یہ ڈیسک چوبیس گھنٹے چار شفٹوں میں کام کرے گا۔مسافر وں کا بیرون ملک سے واپس آتے ہی کاؤنٹر پر پہنچتے ہی ڈی آئی آر بی ایس سسٹم پر اپنے موبائل فون رجسٹرڈ کروانا لازمی ہوگا ۔سسٹم میں موبائل آئی ایم ای نمبر فیڈ ہونے کے بعد کسٹم ایک رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔ کسٹم حکام نے بیگیج رولز کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ایک بارائر پورٹ پر جس موبائل فون کو رجسٹرڈ کر دیا جائے گا نہ وہ منسوخ ہوسکے گا اورنہ ہی اس میں کوئی تبدیلی ہوسکے گی۔