اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان ریلوے نے تاریخ ساز ریکارڈ قائم کر دیا، شیخ رشید احمد کی وزارت ریلوے چھا گئی، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ایک ہی دن میں سب سے زیادہ ٹکٹیں فروخت کرنے کا ریکارڈ بنا ڈالا، واضح رہے کہ یکم دسمبر کو چوبیس گھنٹوں کے دوران 51 ہزار 610 ٹکٹیں فروخت ہوئیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان فروخت ہونے والی ٹکٹوں کی مالیت 6 کروڑ 55 لاکھ 64 ہزار 320 روپے بنتی ہے۔
گزشتہ ماہ 27 نومبر کو 5 کروڑ 64 لاکھ روپے کی ٹکٹیں فروخت ہونے کا ریکارڈ بنا تھا، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ 25دسمبر کا دن ریلوے کیلئے انقلاب کا دن ہو گا،30دسمبر تک اچھی خوشخبری ملے گی، بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی، ، ریلوے اسٹیشنز پر وائی فائی اور ٹریکنگ سسٹم کا آغاز بھی کررہے ہیں، نالہ لئی کا فیصلہ ہو گا سڑک بنے گی، ٹریک بچایا جائے گا۔ پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم 3نئی ٹیرینیں چلانے جا رہے ہیں،ای ٹکٹنگ سے ایک دن میں 8لاکھ70ہزار روپے کمائے،فریٹ ٹرین پر توجہ دے رہے ہیں، ڈالر مہنگا ہونے کے باعث کرائے میں کچھ اضافہ کریں گے،23دسمبر کو پشاور سے کراچی رحمان بابا ایکسپریس چلائیں گے، جتنی بھی ٹرینیں چلائی گئی ہیں ان کا سامان باہر سے نہیں خریدا گیا، ریلوے سٹیشن پر معذور افرادکیلئے ٹائلٹس بنانے کا کام بھی شروع کر دیا ہے،30دسمبر تک اچھی خوشخبری ملے گی،25دسمبر کو قائداعظم کے حوالے سے دن رکھا گیا ہے جو ریلوے کیلئے انقلاب کا دن ہو گا، ریلوے تجاوزات کے حوالے سے بھی وزیراعظم سے بات چیت ہوئی ہے، کراچی جا کر اس معاملے کے حل کیلئے دیکھیں گے، بڑے بڑے قبضہ مافیا سے جگہ واگزار کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نالہ لئی کا فیصلہ ہو گا، سڑک بنے گی اور ٹریک بچایا جائے گا۔