اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ توہین انبیاء کے سدباب کیلئے عالمی قانون بنانے کیلئے پاکستان امت مسلمہ کی قیادت کریگا ٗ حکومت اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر قانون سازی کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کریگی۔ منگل کو یہاں اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حکومت اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر قانون سازی کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کریگی۔ انہوں نے کہا کہ
پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنا ہمارا خواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کرنے کے معاملے میں ماضی کی طرح تاخیر نہیں ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان ریاست مدینہ کے ماڈل پر تیزی سے کام کر رہے ہیں، پاکستان توہین انبیاء روکنے کے لئے عالمی قانون بنانے کے حوالے سے امت مسلمہ کی قیادت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل تمام مسالک کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے، اس فورم سے اسلامائزیشن میں مدد لیں گے۔