اسلام آباد (آئی این پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ کا بیان باعث شرم ہے ، پاکستان کی قربانیوں کی وجہ سے امریکہ آج محفوظ ہے،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے خون سے قیمت ادا کی ہے، امریکہ ان قربانیوں کو نظر انداز نہ کرے ۔ پیر کو سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں امریکی صدر کے ہرزہ سرائیوں پر مبنی بیانات کا زبردست جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ
نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کا بیان باعث شرم ہے ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے خون سے قیمت ادا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی جنگ میں پاکستان نے 75 ہزار جانیں گنوائیں اور دہشتگردی سے پاکستانی معیشت کو 123 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی قربانیوں کی وجہ سے امریکہ آج محفوظ ہے ۔ امریکہ پاکستان کی حقیقی قربانیوں کو نظرانداز کر رہا ہے ۔