اسلام آباد (وائس آف ایشیا) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر آسیہ بی بی کے بیرون ملک جانے کی خبروں کی تردید کر دی۔ اپنے ٹویٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ہیڈ لائنز کے لیے بغیر تصدیق کیے ہی خبریں نشر کرنا ٹی وی چینلز کا وطیرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ بی بی کا کیس ایک حساس معاملہ ہے، میڈیا نے آسیہ بی بی کی بیرون ملک منتقلی کی خبر نشر کر کے انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میری میڈیا سے درخواست ہے کہ خبروں کے معاملے
میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔یاد رہے کہ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق مسیحی خاتون آسیہ بی بی ملتان جیل سے رہائی کے بعد بیرون ملک روانہ ہو گئیں۔بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک نے بتایا کہ ملتان جیل سے آسیہ بی بی کو راولپنڈی کے نور خان ایئر بیس لایا گیا جہاں وہ اپنے خاندان سمیت نیدرلینڈز کے لیے روانہ ہو گئی ہیں۔آسیہ بی بی اور ان کے خاندان کے علاوہ پاکستان میں نیدرلینڈز کے سفیر بھی جہاز میں سوار ہیں۔ تاہم بعد ازاں دفتر خارجہ نے آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی کی خبروں کی تردید کردی ۔