اقوام متحدہ(آئی این پی)اقوام متحدہ نے آسیہ بی بی کے وکیل کی جانب سے ان کی مرضی کیخلاف بیرون ملک لے جانے سے متعلق لگائے جانے والے الزامات کی تردید کردی۔یاد رہے کہ آسیہ بی بی کے وکیل سیف الملوک نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا تھا کہ
انہیں ان کی مرضی کے خلاف پاکستان چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان ایری کانیکو کا کہنا تھا کہ ‘اقوام متحدہ نے پاکستان میں سیف الملوک کی درخواست پر انہیں سہولت فراہم کی تھی اور انہیں ان کی مرضی کے خلاف ملک چھوڑنے پر مجبور نہیں کیا گیا’۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ‘نہ ہی اقوام متحدہ کسی بھی فرد کو اس کی مرضی کے خلاف ملک چھوڑنے پر مجبور کرسکتا ہے’۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے توہین مذہبی کے کیس میں آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے کے بعد ملک گیر احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے کے بعد ملک میں شروع ہونے والی ہنگامہ آرائی کے پیش نظر ان کے وکیل سیف الملوک ملک چھوڑ کر نیدر لینڈ چلے گئے تھے۔جہاں انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں اقوام متحدہ اور یورپی یونین نے ان کی مرضی کے خلاف ملک چھوڑنے پر مجبور کیا۔