اسلام آباد(اے این این ) وزیراعظم عمران خان کے چین میں خطاب کے دوران نشر ہونے والی غلطی پر ایم ڈی پی ٹی وی کو عہدے سے ہٹادیا گیا۔وفاقی وزارت اطلاعات نے کرنل ریٹائرڈ حسن سے ایم ڈی پی ٹی وی کا چارج واپس لے لیا ہے۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کرنل ریٹائرڈ حسن عماد محمدی سے چارج واپس لینے کی منظوری دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے اور فیصلہ کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔وزیراعظم کی بیجنگ میں تقریر کے
دوران پاکستان ٹیلی ویژن نے اسکرین پر چین کے دارالحکومت Beijing کو انگریزی میں بیجنگ کے بجائے لفظ بیگنگ لکھ دیا تھا ۔ پی ٹی وی نے اس غلطی پر بھی معذرت کرلی تھی۔ Begging بیگنگ کے معنی بھیک مانگنے کے ہیں۔معاملے پر پی ٹی وی کے 3 ڈائریکٹرز کے خلاف محکمانہ انکوائری جاری ہے اور دو ملازمین کو پہلے ہی معطل کیا جا چکا ہے۔ کرنل ریٹائرڈ حسن عماد محمدی کو 22 اکتوبر کو ایم ڈی پی ٹی وی کا چارج دیا گیا تھا۔