لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن کر کے پورے گاؤں کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ تفصیلات کے مطابق لیسکو فیروز والہ کے علاقے اٹاری گاؤں میں 73 سے زائد گھروں میں ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کی جارہی تھی۔اطلاع ملنے پر لیسکو کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر رشید خان نے ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مار کر بجلی چوری پکڑ لی ۔ بتایا گیا ہے کہ کچھ لوگ
رات ہوتے ہی بجلی کی مین سپلائی لائن پر کنڈے ڈال کر بجلی چوری شروع کر تے جبکہ بعض افراد ڈائریکٹ تاریں لگا کر دن رات بجلی چوری میں لگے رہتے ۔لیسکو حکام کے مطابق ڈیڑھ سے دو کروڑ روپے کی بجلی چوری کی جارہی تھی ۔لیسکو نے بجلی چوری کرنے پر 13 افراد کے خلاف مقدمات درج کرا دئیے اور بجلی کی تاروں سمیت دیگر برقی آلات جن کے ذریعے بجلی چوری کی جارہی تھی قبضہ میں لے لیے گئے۔