لاہور(این این آئی) تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو ایک اور دھچکا، شہباز شریف کے میگا پراجیکٹ اورنج لائن کی تکمیل صوبائی حکومت کے لئے سب سے بڑا چیلنج بن گیا۔ محکمہ خزانہ پنجاب نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ کے لئے مزید 44ارب41کروڑ34لاکھ86ہزارروپے درکار ہونے کی نوید سنادی۔ ذرائع کے مطابق ڈالر کی اونچی اڑان، روپے کی قدر میں مسلسل کمی اور منصوبہ کی تکمیل میں تاخیر کے سبب تخمینہ بڑھ گیاصرف اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے مزید 43 ارب روپے درکار ہیں
منصوبے کی زدمیں آنے والی تاریخی عمارات کی بحالی کے پروگرام پربھی 1 کروڑ 34 لاکھ 86 ہزار روپے مزید چاہیے۔ذرائع کے مطابق واسا، این ٹی ڈی سی اوردیگر یوٹیلٹی اداروں کی منتقلی کے لئے ایک ارب سے بھی زائد خرچ ہوں گے۔جین مندر انڈرپاس کی تعمیرکے لئے 15 کروڑ، روپے میٹرو بس کے ساتھ چلنے والے فٹ پاتھ اور سڑکوں کی تعمیر پر 10 کروڑ روپے اضافی درکار ہیں۔منصوبے پر کام کرنے والے چینی ماہرین کی رہائش اور سکیورٹی پر 15 کروڑ سے زائد اخراجات مزید ہونے کی قوی امید ہے ۔