اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ( ن) اور پیپلزپارٹی قومی احتساب بیورو (نیب )قانون میں ترمیم کیلئے متحرک ہو گئیں،نیب قانون میں ترمیم کیلئے دونوں جماعتوں نے مشاورت کی ہے اور اپنی اپنی تجاویز ایک دوسرے کو دیدی ہیں،دونوں جماعتیں پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد نیب قانون میں ترمیم کا مشترکہ مسودہ حکومت کو دیں گی۔ذرائع کے مطابق پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان قومی احتساب بیورو (نیب ) میں ترمیم کیلئے
مشاورت کا اہم دورہوا۔مذاکرات میں مسلم لیگ (ن) کے وفد کی قیادت مسلم لیگ (ن)کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور پیپلز پارٹی وفد کی قیادت سید نویدقمر نے کی۔دونوں جماعتوں نے احتساب قانون میں ترامیم کے لیے اپنی اپنی تجاویزپیش کیں۔ ذرائع کے مطابق سید نوید قمرمسلم لیگ ن کے ساتھ بات چیت کے حوالے سے پارٹی قیادت کو آگاہ کریں گے،دونوں جماعتیں پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد نیب قانون میں ترمیم کا مشترکہ مسودہ حکومت کو دیں گی۔