اسلام آباد (این این آئی)چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کے تیزی سے روبہ صحت ہونے پر ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ پیر کی صبح چیف جسٹس کو ہسپتال میں ہلکا پھلکا ناشتہ کروایا گیا جس کے بعد ان کا دوبارہ تفصیلی معائنہ کیا گیا۔تفصیلی معائنے کے بعد چیف جسٹس کو چہل قدمی کروائی گئی ۔ہسپتال ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی چیف جسٹس کی صحت پہلے سے بہتر ہے اور ان کا بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن بھی نارمل ہے۔ہسپتال سے گھر روانگی سے
قبل چیف جسٹس نے صحافیوں سے سلام دعا کی اور غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے میں اب بالکل ٹھیک ہوں۔چیف جسٹس نے اپنی صحت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صحت ٹھیک ہے ٗ(آج) منگل سے دوبارہ کام شروع کروں گا۔دریں اثنا قومی احتساب بیورو کے چیئر مین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔