اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) آسیہ مسیح کی رہائی کے فیصلے کے خلاف احتجاج کے دوران کم عمر بچے سے مظاہرین کی جانب سے کیلے لوٹنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور سوشل میڈیا صارفین نے مظاہرین کی جانب سے اس گری ہوئی حرکت پر شدید تنقید کی تاہم آج کیلا فروش کم عمر لڑکا میڈیا کے سامنے آگیا ہے ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے مذکورہ بچے کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بچے کا کہنا تھا کہ مظاہرین کی جانب سے کیلے لوٹنے کا واقعہ جیسے ہی پیش آیا تو مجھے اپنی جان کی فکر لگ گئی اور میں نے وہاں سے اپنے گدھے سمیت بھاگ جانے میں ہی عافیت سمجھی اور گدھے کو بچا کر وہاں سے نکلنے کی کوشش کی۔ بچے کا کہنا تھا کہ مظاہرین کی جانب سے کیلے لوٹنے کا واقعہ جیسے ہی پیش آیا تو مجھے اپنی جان کی فکر لگ گئی اور میں نے وہاں سے اپنے گدھے سمیت بھاگ جانے میں ہی عافیت سمجھی اور گدھے کو بچا کر وہاں سے نکلنے کی کوشش کی۔ واضح رہے کہ واقعہ کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد حکومت کی جانب سے اس کا نوٹس لیا گیا تھا اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے واقعہ کو معاشرے کی بے حسی قرار دیا تھا۔ انہوں نے پنجاب حکومت سے فی الفور بچے کو تلاش کر کے اس کے نقصان کا مداوا کرنے کی اپیل کی تھی۔ جس پر حکومت پنجاب کی ہدایت پر بچے کو تلاش کیا گیا اور اس کو ڈپٹی کمشنر نے 10ہزار روپے امداد کے طور پر بھی دئیے تھے۔