نوشہرہ(مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علماء اسلام (س) کی مرکزی شوریٰ کا اجلاس اکوڑہ خٹک میں ہو ا جس میں مولانا سمیع الحق کے سیاسی جانشین کا انتخاب عمل میں لانے پر غور کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق شہید مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے مولانا حامد الحق کو قائم مقام امیر بنانے پر غور کیا جارہا ہے جن کی دستار بندی کل ہوگی۔پارٹی کی مرکزی شوریٰ میں شامل رہنما مولانا سمیع الحق کے سیاسی جانشین کے نام کا اعلان مشاورت کے بعد کریں گے۔یاد رہے کہ جمعیت علما اسلام (ن) کے
امیر مولانا سمیع الحق کو 2 اکتوبر کو اسلام آباد میں ان کی اپنی رہائش گاہ میں چھریوں کے وار کر کے قتل کردیا گیا تھا۔ جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے مہتمم اور جمعیت العلماء اسلام (سمیع الحق) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کا تعلق دینی گھرانے سے تھا، وہ 18 دسمبر1937 کو اکوڑہ خٹک میں پیدا ہوئے۔مولانا سمیع الحق نے خود بھی دارالعلوم حقانیہ سے تعلیم حاصل کی جس کی بنیاد ان کے والد مولانا عبدالحق نے رکھی تھی، مولانا سمیع الحق دفاعِ پاکستان کونسل کے چیئرمین اور وہ سینیٹ کے رکن بھی رہے ہیں۔