کابل (آئی این پی) افغان طالبان نے مولانا سمیع الحق کی شہادت کو المناک قرار دیتے ہوئے قتل کو اسلام دشمنوں کی کاروائی قراردے دیا مولانا نے افغان مظلوم ملت کیساتھ سوویت یونین کی جارحیت اور امریکی قبضے کے خلاف ناقابل فراموش خدمات انجام دیتے ہوئے ہمارا ساتھ دیا، ہمیشہ حق کی بات کرتے اور افغان عوام کی مظلومیت کی صدا بلند کی۔ تفصیلات کے مطابق افغان طالبان نے مولانا سمیع الحق کی شہادت کو المناک قرار دیتے ہوئے عالم اسلام کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرارد ے دیا
اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ المناک اطلاع ملی کہ مملکت پاکستان کے مایہ ناز عالم دین اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے مہتم حضرت مولانا سمیع الحق صاحب کو نامعلوم افراد نے شہید کردیا۔امارت اسلامیہ افغانستان مولانا سمیع الحق صاحب کی شہادت کو تمام عالم اسلام اور باالخصوص پاکستان کے مسلمان عوام کے لیے عظیم اور ناقابل تلافی نقصان سمجھتی ہے۔اس حوالے سے مولانا صاحب کے معزز خاندان، جمعیت علما اسلام پاکستان، تمام دینی حلقہ جات اور مسلم امہ کو دل کی گہرائیوں سے تعزیت پیش کرتی ہے۔ اللہ تعالی سے شہید مولانا صاحب کے لیے جنت الفردوس، اقربا، متعلقین، دینی طبقات ، پاکستانی عوام اور مسلم امہ کو صبرجمیل اور اجرجزیل کی التجا کرتی ہے۔شہید مولانا سمیع الحق نے اپنی تمام زندگی کو تعلیمی اورسیاسی شعبے میں دین کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی اور اسی راہ میں جام شہادت نوش فرما گئے۔انہوں نے افغان مظلوم ملت کیساتھ سوویت یونین کی جارحیت اور امریکی قبضے کے خلاف ناقابل فراموش خدمات انجام دیتے ہوئے ان کا ساتھ دیا، ہمیشہ حق کی بات کرتے اور افغان عوام کی مظلومیت کی صدا کو بلند کی۔امارت اسلامیہ افغان مسلمان عوام کی نمائندگی سے شہید مولانا سمیع الحق کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتی ہے اور ان کے قاتلوں کے لیے اللہ تعالی سے عظیم جزا اور رسوائی کی التجا کرتی ہے۔مولانا سمیع الحق صاحب پر قاتلانہ حملہ بیشک اسلام کے دشمنوں کا فعل تھا، وہ نہیں چاہتے کہ مولانا سمیع الحق رحمہ اللہ کی طرح مایہ ناز اور مصمم شخص امت مسلمہ کو بیداری کا درس دیں، اسی لیے انہیں نہایت بزدلی سے شہید کردیا ۔