اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)مریم نواز کے میڈیا سیل کو سرکاری خزانے سے کروڑوں روپے کی ادائیگیاں کرنے کی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف استعمال کئے جانے والے مبینہ طور پر مریم نواز کے سوشل میڈیا سیل کو پرائیویٹ کمپنی ظاہر کر کے حکومتی سیکرٹ فنڈز سے کروڑوں روپے کی ادا ئیگیاں کی گئیں۔
مریم نواز نے آئی ٹی ایکسپرٹ کی 60رکنی ٹیم کو بھی خفیہ طور پر بھرتی کیا جنہیں فی کس ایک لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ کی ادائیگیوں کے ساتھ ساتھ دیگر مراعات سے بھی نوازا جاتا تھا۔ یہ میڈیا سیل جہاں حکومتی کاموں کی پروجیکشن کیلئے استعمال کیا جاتا تھا بلکہ سیاسی مخالفین کی ہتک اور ان کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کرنے کیلئے بھی استعمال ہوتا تھا۔قومی اخبار کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مریم نواز کے اس میڈیا سیل کو حکومتی سیکرٹ فنڈز سے تنخواہوں کی مد میں کروڑوں روپے کی ادائیگیاں کئے جانے پرقومی سلامتی کے اداروں نے تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ۔اخبار نے اپنے ذرائع کےحوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ سوشل میڈیا سیل نواز شریف دور حکومت کے پہلے تین سال وزیراعظم ہاؤس کے اندر موجود تھا جہاں ان نوجوانوں پر مشتمل ٹیم خفیہ طور پر کام کرتی تھی تاہم اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے معاملہ بے نقاب کئے جانے کے بعد اسے وزارت اطلاعات کے ذیلی ادارے پریس انفارمشن ڈیپارٹمنٹ( پی آئی ڈی ) میں شفٹ کر دیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق مریم نواز کے اس سوشل میڈیا سیل کی یہ ٹیم پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو خصوصی طور پر پر ٹارگٹ کرتی تھی اور عمران خان سمیت کئی اہم شخصیات کے مضحکہ خیز کارٹون بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنا بھی اس ٹیم کا ٹاسک تھا ۔