لاہور( این این آئی) وفاقی وزیرخزانہ اسدعمرنے کہاہے کہ حکومت پی آئی اے، او جی ڈی سی ایل اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سمیت سرکاری اداروں کی نجکاری کاکوئی ارادہ نہیں رکھتی،تجربہ کار اور پیشہ ور افراد لاکر قومی اداروں کو ملک کیلئے منافع بخش ادارے بنایاجائے گا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ زرمبادلہ کے ذخائرناکافی تھے کیونکہ ملک کی مختلف مالیاتی ضروریات پوری کرنے کے لئے ہرماہ تقریباً دو ارب ڈالرخرچ ہوجاتے ہیں۔حکومت برآمدی مصنوعات میں اضافے کے لئے برآمدات میں اضافہ،
سرمایہ کاری کا فروغ اور ملک میں صنعتی ترقی چاہتی ہے۔اسدعمرنے کہا کہ قومی معیشت میں غیریقینی صورتحال اس ماہ کے وسط تک ختم ہو جائے گی کیونکہ اقتصادی اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ حال ہی میں عالمی مالیاتی ادارے کی ایک ٹیم نے پاکستان کادورہ کیا ہے تاہم اس کا بیل آؤ ٹ پیکج سے کوئی تعلق نہیں۔وزیرخزانہ نے کہاکہ درمیانی آمدنی والے لوگوں کوصحت اورتعلیم کارڈ فراہم کئے جائیں گے تاکہ انہیں سماجی تحفظ کے دائرے میں لاکر معیاری سہولیات فراہم کی جائیں۔