اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو چیف جسٹس کے خلاف نازیبا الفاظ کہنے پر گرفتاری کے لیے پولیس ان کے گھر پہنچ گئی لیکن فیصل رضا عابدی نے گرفتاری دینے سے انکار کردیا، اس موقع پر فیصل رضا عابدی نے کہا کہ میں نے جو کچھ بھی کہا میں اس پر قائم ہوں۔ یاد رہے کہ اسلام آباد پولیس کو فیصل رضا عابدی کو گرفتار کرنے کی اجازت دو روز قبل مل گئی تھی، فیصل رضا عابدی کے خلاف پی آر او سپریم کورٹ کی
مدعیت میں تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، ان کے خلاف مقدمہ زیر دفعہ 228،500، 505 دو، 506 اور 34 کے تحت درج کیا گیا ہے۔اس ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا گیا کہ فیصل رضا عابدی نے چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف نازیبا الفاظ کہے، ٹی وی پروگرام میں ان کے کہے گئے الفاظ آن ائیر چلے گئے اور اس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہے اس میں انہوں نے چیف جسٹس کو تضحیک کا نشانہ بناتے ہوئے دھمکی آمیز الفاظ بھی کہے۔