اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ بہت جلد سعودی سرمایہ کار پاکستان میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کریں گے ۔جمعہ کو وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد سے سعودی نائب وزیر تجارت کی قیادت میں اعلی سطحی وفد نے ملاقات کی ۔ عبدالرزاق داد نے کہا کہ سعودی وزیر اور سرمایہ کاروں کے وفد سے مثبت بات چیت ہوئی ہے۔پاکستان نے ملاقات کے دوران اس خواہش کا اظہار کیا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کار ہائیڈرو کیمیکل، فوڈ، زراعت اوردیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔پاکستان کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ
سعودی عرب کی جانب سے بہت بڑی سرمایہ کاری کی نوید دی گئی ہے۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہاکہ سعودی عرب کے وفد نے اس بات کا اظہار کیا کہ وہ برادر اسلامی ملک پاکستان کے ساتھ ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں اورخواہش مند ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے مواقع تلاش کیے جائیں۔ نواف سعید المالکی نے یقین دہانی کرائی کہ سعودی سرمایہ کاروں کا وفد پاکستانی تاجروں کے ساتھ ملاقاتیں کریگا۔ سعودی سرمایہ کارپٹرو کیمیکل اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔