لاہور( نیوز ڈیسک)پنجاب اسمبلی میں سپیکر کیلئے ووٹنگ کے مرحلے کے دوران پارٹی کے ووٹ ٹوٹنے کے بعد مسلم لیگ (ن) چوکنا ہو گی جس کیلئے حکمت عملی بھی مرتب کی جارہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق فارورڈ بلاک بننے سے متعلق خدشات اور سپیکر کیلئے ووٹنگ کے مرحلے پر باغی اراکین سامنے آنے پر مسلم لیگ (ن) میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور اس پر پارٹی قیادت اور مرکزی رہنمائوں کے درمیان رابطے اور مشاورت کا عمل جاری ہے ۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے غیر اعلانیہ طور پر حفاظتی اقدامات شروع کر دئیے ہیں جس کے تحت مبینہ طور پر کچھ اراکین کی سر گرمیوں اور ان کے رابطوں بارے آگاہی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام اراکین سے قریبی روابط رکھے جائیں گے اور ان کی قیادت سے وقتاً فوقتاً ملاقاتوں کا اہتمام بھی کیا جاتا رہے گا۔مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے بھی حکمت عملی پر کام شروع کر دیا گیا ہے ۔