پشاور(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسف زئی نے کہاہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کا اعلان 7 اگست تک کردیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسف زئی نے کہا کہ ناکام سیاستدان مل کر بھی تبدیلی کو نہیں روک سکتے، پاکستان غلامی سے آزاد ہوا ہے عوام ترقی وخوشحالی چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے 5 سال میں بجلی نہ بنا کر ملک دشمنی کی ہے، قومی اداروں کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں ہوگی۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا بیرونی قرضوں سے
اپنے خزانے بھرنے والوں کو قوم نے مسترد کردیاہے، بڑے بڑے سیاسی برج گراکرعوام نے انتقام لیا ہے، اس لیے کچھ رہنما پارلیمنٹ سے باہر ہوکر مچھلی کی طرح تڑپ رہے ہیں۔ عمران خان نے موجودہ فرسودہ نظام ختم کرنے کیلئے 22 سال جدوجہد کی، مسترد شدہ سیاستدان عمران خان کے ایجنڈے سے خوفزدہ ہیں۔شوکت یوسف زئی نے کہا خیبرپختونخوا میں حکومت سازی میں کوئی مشکلات نہیں، پی ٹی آئی حکومت عوام کو ریلیف دے گی، جب کہ کے پی کے وزیر اعلیٰ کا اعلان 7 اگست تک کردیا جائے گا۔