اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کی مسلم لیگ ن کی قیادت سے صلح کی آخری کوشش بھی ناکام، نواز شریف سے اڈیالہ جیل میں میں ملاقات کیلئے بھیجا گیا پیغام نواز شریف نے ٹھکرا دیا، خبر رساں ادارے کا دعویٰ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ایک خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ چوہدری نثار علی خان نے مسلم لیگ ن کی قیادت سے
صلح کی آخری کوشش کی ہے جو کہ ناکام ہو گئی ہے۔ چوہدری نثار نے شہباز شریف کے ذریعے نواز شریف سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کیلئے پیغام بھیجا تھا جسے سابق وزیراعظم نے ٹھکراتے ہوئے جواب میں کہا ہے کہ آپ کی محبتوں اور نیک تمناؤں کا بہت شکریہ۔خبر رساں ادارے نے رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ چودھری نثار کی طرف سے گزشتہ ایک ہفتے میں مسلم لیگ ن کی قیادت سے صلح جوئی کی کئی کوششیں کی گئی ہیںتاہم انہیں کسی قسم کا مثبت جواب نہیں دیا جا رہا۔واضح رہے کہ اڈیالہ جیل کے شیڈول کے مطابق آج قیدیوں سے ملاقات کا دن مقرر ہے اور اڈیالہ جیل میں نواز شریف، مریم نواز سے ملاقات کیلئے لیگی رہنما خواجہ آصف، پرویزرشید،عرفان صدیقی،مریم اورنگزیب،مصدق ملک ،محمدزبیر،خرم دستگیر،سائرہ افضل تارڑ، چودھری تنویر،احسن اقبال، جاوید ہاشمی کی آمد ہوئی ہے ۔خیال رہے کہ جیل انتظامیہ نے نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو اڈیالہ جیل کانفرنس روم منتقل کردیا ہے۔ کانفرنس روم پہنچنے کے نوازشریف نے اپنے صاحبزادی اور داماد سے ملاقات کی۔ جب کہ تینوں سے اہل خانہ اور کارکنان کی ملاقات کا وقت شام 4 بجے تک کا رکھا گیا ہے۔جیل انتظامیہ کے مطابق حکام نے نوازشریف سے ملاقاتیوں کی مکمل فہرست ترتیب دے دی ہے،ملاقاتیوں کی گاڑیوں کے لیے جیل کا گیٹ نمبر 5 مختص کیا گیا ہے جب کہ سابق وزیراعظم جس سے ملنا چاہیں گے صرف ان کو ہی ملاقات کی اجازت ہوگی جبکہ سابق وزیراعظم ان کی صاحبزادی اور داماد سے ملاقات کیلئے 4بجے تک کا وقت مختص کیا گیا ہے۔