بیجنگ (آئی این پی) رواں سال 11500ہزار چینی مسلمان فریضہ حج ادا کریں گے، قافلوں کی صورت میں روانگی کا عمل شروع ہو چکا ہے،آئندہ حج کا فریضہ سرانجام دینے والے چینی مسلمانوں کے سفر کو محفوظ بنانے اور دیگر سہولیات کی بہترفراہمی کیلئے خصوصی جی پی ایس کارڈ بھی جاری کیا گیا۔
بدھ کو چائنہ اسلامک ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ11500 چینی مسلمانوں کے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور قافلوں کی صورت میں روانگی کا عمل شروع ہو چکا ہے،چینی مسلمانوں کو سفرکی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی جی پی ایس کارڈ بھی جاری کئے گئے ہیں، جی پی ایس کارڈ پر ایک کیو آر کوڈ فراہم کیا گیا ہے جس میں ہر شخص کے بارے میں ابتدائی معلومات درج کی گئی ہیں جو کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مددگار ثابت ہوں گی،جی پی ایس کارڈ ہر سال فریضہ حج ادا کرنے والے چینی مسلمانوں کو جاری کیا جائے گا اور اس میں آئندہ سال نئے فیچرز بھی متعارف کروائے جائیں گے ، جی پی ایس پر ایک ایس او ایس بٹن نصب کیا گیا ہے اگر کوئی بھی حاجی سعودی عرب میں کھو جائے تو انتظامیہ کو براہ راست گمشدگی کے بارے میں پیغام موصول ہو جائے گا،پیغام میں گمشدہ حاجی کی مصدقہ جگہ کے بارے میں معلومات بھی میسر ہونگی۔