کوئٹہ (آئی این پی) سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان عوامی پارٹی میں وزارت اعلیٰ کیلئے جام کمال کے نام پر اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے فیصلے اسلام آباد میں نہیں ہونے چاہئیں۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی میں جام کمال کے نام پر اختلافات ہو گیا ، عبدالقدوس بزنجو، جان محمد جمالی، صالح بھوتانی بھی وزارت اعلیٰ کے خواہشمند نکلے ہیں تینوں رہنمائوں کی سیاسی جماعتوں سے الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں، عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بلوچستان کے فیصلے
اسلام آباد میں نہیں ہونے چاہئیں۔ دوسری طرف بی اے پی میں فارورڈ بلاک بننے کی خبروں پر جام کمال پریشان دکھائی دے رہے ہیں، یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ بی اے پی کا ایک حصہ اختر مینگل کی حمایت کر سکتا ہے،بی اے پی میں اگر تقسیم پڑتی ہے تو اختر مینگل کی پوزیشن مضبوط ہو جائے گی، جنہیں پہلے ہی ایم ایم اے کی حمایت حاصل ہے، اے این پی کے اسفند یار ولی نے بھی یہ عندیہ دیا ہے کہ وہ اختر مینگل کی حمایت کریں گے، جن کے تین ایم پی اے کامیاب ہوئے ہیں۔