اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف نے خواتین کی مخصوص نشستوں پر جن خواتین کو ٹکٹ جاری کئے ان میں سے ایک برطانوی شہریت رکھتی ہیں جبکہ دوسری امیدوار کا پنجاب میں ووٹ بروقت رجسٹرڈ نہ ہو سکا۔تحریک انصاف کی جانب سے مخصوص نشستوں کیلئے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی فہرست میں ملائکہ علی بخاری دوہری شہریت کی حامل نکلیں جبکہ پنجاب سے قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کیلئے کنول شوزب کا نام دیا گیا
مگر کنول شوزب کا پنجاب میں ووٹ رجسٹر ڈ نہ ہونے کی وجہ سے نام مسترد کئے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر ملائکہ بخاری کا نام الیکشن کمیشن کو دیا تھا تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کمیشن میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر دی گئی فہرست میں ملائکہ علی بخاری کا نام 26ویں نمبر پر موجود ہے،ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے الیکشن کمیشن میں رپورٹ جمع کرائی ہے جس کے مطابق ملائکہ علی بخاری دوہری شہریت کی حامل ہیں اور پاکستان کیساتھ برطانوی شہریت بھی رکھتی ہیں جبکہ انکے برطانوی پاسپورٹ کا نمبر 531230657ہے ،الیکشن ایکٹ کے تحت کوئی بھی دہری شہریت کا حامل شخص پارلیمنٹ کا رکن نہیں بن سکتا۔دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب سے خواتین کی مخصوص نشستوں کیلئے کنول شوزب کا بھی نام دیا گیا تھا جس میں انکا ایڈریس اسلام آباد کا دیا گیا ہے،ذرائع کے مطابق کنول شوزب کا پنجاب میں ووٹ رجسٹر ڈ نہیں ہے جسکی وجہ سے وہ پنجاب سے قومی اسمبلی کی رکن نہیں بن سکتی، کنول شوزب نے اپنا ووٹ پنجاب میں رجسٹرڈ کروانے کیلئے الیکشن کمیشن کو درخواست دی مگر انتخابی فہرستیں فائنل ہونے کے بعد ووٹ ٹرانسفر ممکن نہیں ۔ذرائع کے مطابق کنول شوزب سینیٹ انتخابات میں بھی اسلام آباد سے تحریک انصاف کی امیدوار تھیں جنہوں نے مشاہد حسین سید کیخلاف سینیٹ کا الیکشن لڑا تھا اس وقت بھی کنول شوزب نے اپنا ایڈریس اسلام آباد کا ظاہر کیا تھا۔