لاہور (آن لائن) یوم انتخاب یا یوم حساب؟ ووٹروں نے گرمی و حبس کی پرواہ کئے بغیر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے میں زور شور کا مظاہرہ کیا، پولنگ سٹیشنوں پر موجود پاک آرمی کے جوانوں اور پولیس اہلکاروں نے ہر قسم کی انتخابی دھاندلی کے امکانات کو ختم کر دیا، پولنگ سٹیشنوں کے کئی گز کے فاصلے پر ہر قسم کی ٹریفک پر پابندی عائد کی گئی تھی، پولنگ سٹیشنوں پر صبح 8 بجے سے ووٹروں کا بے پناہ رش دیکھنے میں آیا جبکہ ووٹ پول ہونے کا سلسلہ سست روی کا شکار رہا،پولنگ اسٹیشنوں کے بوتھوں کے اندر اور باہر پاک آرمی کے
جوان ڈیوٹی پر موجود تھے، آنے والے ووٹر کا ووٹ نمبر سلسلہ نمبر پولنگ بوتھ اور اصل شناختی کارڈ دیکھ کر ہی اسے پولنگ بوتھ کے اندر جانے کی اجازت دی گئی، غیر متعلقہ افراد کے داخلہ پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی، جو ووٹر پولیس کی بات نہ سنتے انہیں فوجی جوان کے حوالے کر دیا جاتا جو آنے والے غیر متعلقہ شخص کو اپنی زبان میں چند جملے کہہ کر واپس بھیج دیتا، شہر بھر میں پولنگ کا عمل مجموعی طور پر پرامن رہا، پولنگ سٹیشنوں پر موجود مختلف پارٹیوں کے پولنگ ایجنٹوں نے بھی ہر قسم کی دھاندلی کے امکانات کو رد کیا ہے۔