اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا قیام ملک سے ناخواندگی کے خاتمے اور کم آمدنی والے طبقات تک تعلیم و تربیت کی اعلی سطحی سہولتیں ان کی رہائش گاہوں کے قریب فراہم کرنے کے لئے عمل میں لایا گیا تھا۔یونیورسٹی کے سمسٹرخزاں 2018 کے داخلے یکم اگست سے شروع ہوں گے ، غریب اور کم وسائل رکھنے والے شہریوں کے بچوں کو داخلہ فیس کی ادائیگی میں سہولتیں فراہم کر نے کے لئے یونیورسٹی نے فیس انسٹالمنٹ اسکیم متعارف کرادی ہے۔
جو طلبہ داخلہ فیس یکمشت ادا نہیں کرسکتے ہیں ، ان کی سہولت کے لئے داخلہ فیس آسان اقساط میں وصول کی جائے گی ۔ ایسے طلبہ کو یونیورسٹی کے نزدیک ترین علاقائی دفتر سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔علاوہ ازیں یونیورسٹی فاٹا اور بلوچستان کے طلبہ کو میٹرک کی مفت تعلیم کی سہولت فراہم کرتی ہے۔فاٹا اور بلوچستان سے میٹرک پروگرام کی مفت تعلیم کے خواہشمند افراد کو بھی یونیورسٹی کے قریب ترین کیمپس سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔