مری (این این آئی) نگران وزیر اطلاعات ونشریات سید علی ظفر نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف اور مریم نواز کو قانون کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں گی ،دہشت گرد ہمیں خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں کسی صورت جمہوریت کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے، انسانیت کی بلندی پر پہنچنے کیلئے کتاب سب سے بہترین ذریعہ ہے ،برداشت، تہذیب کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
ہفتہ کو مری میں نیشنل بک فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور، بنوں، مستونگ واقعات نے قوم کو سوگوار کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقصد صرف الیکشن ملتوی کرانا ہے،وہ نہیں چاہتے کہ ملک میں جمہوریت رہے، لیکن دہشت گردوں کو ان کے مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سکیورٹی ایجنسیاں اور متعلقہ ادارے مل کر دہشت گردوں کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی امیدوار ریلی، جلسے یا جلوس کیلئے پولیس سے اجازت ضرورلیں ۔سید علی ظفر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں نے مری جسے پرفضا مقام کو بھی شدید متاثر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سے لڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کی بلندی پر پہنچنے کیلئے کتاب سب سے بہترین ذریعہ ہے ،برداشت، تہذیب کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔