اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)شہباز شریف کی لندن میں اکیلے بھاگ کر سڑک کراس کرنے کی ویڈیو میڈیا پر آنے کے بعد ان کے پاکستان میں مخالفین نے ان کا خوب مذاق اڑایا کہ یہاں پاکستان میں کیسےشاہانہ پروٹوکول میں گھومتے پھرتے ہیں اور دیکھیں باہر ان لوگوں کی کیا عزت ہے،یہی بات گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں احسن اقبال کے ججز مخالف تقریر کے کیس کے موقع پر جسٹس مظاہر
نے بھی عدالت میں موجود سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کو مکالمہ کے دوران کہی کہ یہاں آپ لوگوں کی عزت ہے دیکھ لیں شہباز شریف کیسے باہر بھاگتے پھر رہے تھے۔ مگر اب شہباز شریف کی ایک اور ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ’’Keep the change‘‘کے بجائے ’’بقایا واپس کرو‘‘کے اصول پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اپنی روایتی کفایت شعاری کی عادت کے تحت ٹیکسی ڈرائیور سے بقایا وصول کیا جو کہ چند برطانوی سکوں پر مشتمل تھا۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف جب اہل خانہ کے ہمراہ لندن ہارلے سٹرک میں واقع ہسپتال میں کلثوم نواز کی عیادت کیلئے ٹیکسی پر پہنچے تو اس موقع پر وہاں کئی افراد موجود تھے جو شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ کی وہاں پہنچنے پر موبائل کیمروں سے ویڈیو بنا رہے تھے۔ شہباز شریف کی پہلی اہلیہ نصرت شہباز اور دیگر خواتین جب ٹیکسی سے اتر کر ہسپتال میں داخل ہوئیں تو اس دوران شہباز شریف نے ٹیکسی ڈرائیور کو کرایہ ادا کیا اور پھر تھوڑی دیر بعد اس سے بقایا طلب کیا۔ ٹیکسی ڈرائیور جو شاید ’’Keep the change‘‘کا عادی معلوم ہوتا تھا پہلے تو گڑبڑا گیا پھر فوراََ ہی اس نے اپنے بٹوے میں موجود سکے نکال کر شہباز شریف کو بقایا رقم ادا کی۔ شہباز شریف کا تعلق پاکستان کے امیر ترین شریف خاندان میں ہوتا ہے جس کا دنیا بھر میں کاروبار اور لندن میں جائیدادیں ہیں مگر شہباز شریف کی لندن کی سڑکوں پر پیدل بھاگتے دوڑتے اور ٹیکسی پر سفر کی ویڈیوز کو لیکر جہاں کئی لوگ ان کو ہدف تنقید بنا رہے ہیں تو وہیں کئی لوگ ان کی کفایت شعاری اور ایک عام آدمی کی طرح برتائو کو تحسین کی نظر سے بھی دیکھ رہے ہیں۔