لاہور (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی اجلاس ہوا جس میں زعیم حسین قادری کی بغاوت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پرغور کیا گیا۔اجلاس میں حمزہ شہباز سمیت مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں زعیم قادری کی بغاوت کے بعد کی صورتحال سمیت (ن) لیگ کے ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر بھی مشاورت کی گئی۔بعد ازاں شہباز شریف سے امیر مقام اور مرتضیٰ جاویدعباسی نے ملاقات کی، اس موقع پر امیرمقام نے خیبر پختونخوا
میں انتخابی مہم اور ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق تجاویز پیش کیں، شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی ناقص کارکردگی عوام کے سامنے لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام مسلم لیگ (ن) سے والہانہ محبت کرتے ہیں، ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے جبکہ پی ٹی آئی کے پاس دکھانے کے لیے کچھ نہیں۔ جمعرات کے روز زعیم قادری نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ حمزہ شہباز سن لو لاہور تمہارے اور تمہارے باپ کی جاگیر نہیں۔