لاہور(این این آئی ) جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ وممبراسلامی نظریاتی کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ صدقہ فطر فی کس100روپے ادا کیا جائے۔صدقہ فطر کے وہی لوگ مستحق ہیں جوزکوٰۃ کے حقدار ہیں۔فطرانہ عیدکی نماز سے قبل ادا کیاجائے اگرادا نہ کیاتواس سے ذمہ سے ساقط نہیں ہوگابلکہ اس پر عیدکے بعدادا کرنالازم ہوگا۔صدقہ فطر کامقصد روزے کی کمی کوپورا کرنا اورغریب ومستحق لوگوں کی مد د کرناہے۔
صدقہ فطرہرصاحب نصاب پر واجب ہے نابالغ اولاد اورزیر کفالت افراد کی صدقہ فطر گھرکے سربراہ پر لازم ہے۔صدقہ فطر رمضان میں ادا کردینا چاہیے تاکہ غریب وغربا بھی عید کے لئے خرید داری کرسکیں۔دریں اثناء جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ عقیدہ ختم نبوت کیلئے کسی بھی قربانی سے در یغ نہیں کریں گے۔ناموس رسالت ؐ کے تحفظ کیلئے ڈاکٹر سرفراز نعیمیؒ اورعلما ء اہل سنت کی قربانیاں قابل قدر ہیں۔حق پر بات پر ڈٹ جاناشہید پاکستان ؒ کی ذات کاخاصا تھا،ان کی زندگی خوف الہیٰ اورعشق رسول ؐ سے عبارت تھی۔پرویزمشرف کے اسلامی دشمن پالیسیوں کیخلاف آپ ؒ نے مردانہ وار کردارادا کیا۔ڈاکٹرسرفراز نعیمی شہید کے سچے اورکھرے موقف کے باعث سابق صدر مشرف کو قانون ناموس رسالت بارے اپنے فیصلے واپس لینے پڑے۔عقیدہ ختم نبوت اورناموس رسالت کے تحفظ کیلئے ڈاکٹرسرفراز نعیمی شہیدؒ کی خدمات جلیلہ تاریخ کاروشن باب ہیں۔وہ طاقت کی بجائے دلیل سے بات کرنے پریقین رکھتے تھے۔دین مبین کی ساری تعلیمات اعتدال پرمبنی ہیں،اسلام میں ’’غلو‘‘کرنے والے دین حنیف کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزڈاکٹرسرفراز نعیمی شہید ؒ کے 9ویں یوم شہادت کے سلسلے میں جاری3روزہ تقریبات کی اختتام نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے سربراہ تحفظ ناموس رسالت محاذ پیررضائے مصطفی نقشبندی ،مفتی محمدہاشم رضوی ،مفتی عارف حسین،مفتی مسعودالرحمان ودیگرعلماء ومشائخ نے بھی خطاب کیا
جبکہ مفتی عبدالستار سعیدی، مولانامحمدجاوید ہاشمی،مولانامسعودالرحمان سیالوی،پروفیسر محمدعابد علی،پیر فاروق احمد،قاری محمدصفد ر نعیمی،مولانا محمدافضل حیدری،مولانا محمد اقبال نعیمی،حاجی محمدعمران حسین،مولانا محمدسلیم نعیمی،قاری محمدامین بھٹی،مولانا محمدآصف علی،مولانا محمدمبشر علی اورجامعہ نعیمیہ کے اساتذہ ،طلبہ سمیت عامۃ الناس کثیر تعداد نے شرکت۔تقریبات کے اختتام پرپیررضائے مصطفی نقشبندی نے ملک وقوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعاکرائی۔