راولپنڈی (سی پی پی ) تحریک انصاف نے پنجاب کے 2 اہم ترین حلقے خالی چھوڑ دیے ہیں۔ راولپنڈی کے حلقوں این اے 61 اور این اے 62 میں تحریک انصاف نے شیخ رشید کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے طویل انتظار کے بعد بالآخر قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی کی 175 نشستوں پر اپنے امیدواروں کو میدان میں اتارا جائے گا۔اعلان کردہ ناموں میں زیادہ تر وہی امیدوار ہیں جنہوں نے گزشتہ انتخابات میں بھی تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اس مرتبہ 4 کی بجائے ملک کے 5 حلقوں سے میدان میں اتریں گے۔ عمران خان نے گزشتہ انتخابات میں ملک کے 4 قومی اسمبلی کے حلقوں سے الیکشن لڑا تھا۔جبکہ اس مرتبہ تحریک انصاف کے سربراہ ملک کے کل 5 قومی اسمبلی کے حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔ یہ حلقے کراچی، لاہور، میانوالی، راولپنڈی اور بنوں کے ہیں۔ جبکہ تحریک انصاف نے پنجاب کے 2 اہم ترین حلقے خالی چھوڑ دیے۔ راولپنڈی کے حلقوں این اے 61 اور این اے 62 میں تحریک انصاف نے شیخ رشید کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف راولپنڈی کے حلقوں این اے 61 این اے 62 میں اپنا کوئی امیدوار کھڑا نہیں کرے گی۔ جبکہ واضح رہے کہ گزشتہ انتخابات میں بھی تحریک انصاف نے راولپنڈی کے ایک حلقے میں شیخ رشید کی حمایت کرتے ہوئے اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا تھا۔