لاہور (ا ین این آئی ) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پروفیسر حسن عسکری پنجاب کی تاریخ کے سب سے زیادہ پڑھے لکھے وزیراعلیٰ ہیں اور وہ انشاء اللہ غیرجانبدار اور صحیح فیصلے کریں گے، ن لیگ صاف، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات سے خوفزدہ ہے اور وہ محض اس لیے مخالفت کر رہی ہے کہ اسے نگران وزیراعلیٰ بھی اپنے
گھر کا ہی چاہئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے پروفیسر حسن عسکری رضوی کو نگران وزیراعلیٰ بننے پر ٹیلیفون پر مبارکباد پیش کی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ قوم کی توقعات پر پورے اتریں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ پروفیسر حسن عسکری کے تجزئیے اور تبصرے ان کی غیرجانبدار سوچ اور حب الوطنی کے مظہر ہیں جنہیں پڑھے لکھے طبقوں کے علاوہ عام آدمی بھی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی کیفیت کا اندازہ اس امر سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ ایک طرف تو اسے اپنے کئے پر نیب کا خطرہ ہے اور دوسری جانب پروفیسر حسن عسکری جیسے غیرجانبدار وزیراعلیٰ کے تقرر سے ان کو سمجھ نہیں آ رہی اور وہ اس الیکشن کمیشن کے ایک آئینی اور میرٹ پر کئے گئے متفقہ اقدام پر ایسی باتیں کر رہے ہیں حالانکہ پروفیسر حسن عسکری ایسی شخصیت کے حامل ہیں جن پر صاف شفاف الیکشن کیلئے غیرجانبدار کردار پر مکمل اعتماد کیا جا سکتا ہے لیکن ن لیگ ان کے خلاف اس لیے بیان بازی میں مصروف ہے کہ پنجاب میں فری اور فیئر الیکشن ہونے جا رہے ہیں۔