لاہور(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت ان کی رہائش گاہ پر لاہور ڈویژن کا اجلاس ہوا جس میں ٹکٹوں کی تقسیم اور الیکشن کے حوالے سے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں میاں منیر سابق ایم این اے، سلیم ملک، شاداب جعفری ایڈووکیٹ، میاں اسد منیر، شیخ ناصر محمود، رانا اسد منیر ایڈووکیٹ، سعید خاور
، سہیل چیمہ اور ناصر بلا بھی موجود تھے۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کا انتخابی نشان ٹریکٹر پاکستان کی خوشحالی کا نشان ہے، کسان خوشحال تو پاکستان خوشحال، کسان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے اور یہ ترقی مسلم لیگ سے ہی منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے 56 کمپنیوں کے علاوہ جنگلہ بس، اورنج لائن ٹرین جیسے منصوبوں کی وجہ سے پنجاب کو 2 ہزار ارب کا مقروض کر دیا ہے جبکہ ہم نے 100 ارب کا سرپلس صوبہ چھوڑا تھا، ن لیگ ملک اور صوبہ نہیں چلا سکی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں لوڈشیڈنگ، بے روزگاری، مہنگائی اتنی نہیں تھی، آج یہ تینوں چیزیں بے لگام ہیں، میں نے اپنے اور شہبازشریف دور کے موازنہ کیلئے ہر سطح پر چیلنج کیا مگر سامنے کوئی نہیں آیا، عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جو کام ہم نے کیے ن لیگ اس کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کی ترقی کیلئے صرف سوچا ہی نہیں بلکہ عملی طور پر کام کر کے دکھایا، 10 سال حکومت کرنے والے اب بھی دعوے کر رہے ہیں کہ موقع ملا تو یہ کام کریں گے ۔