لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا ہے کہ کرپشن اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف آگاہی مہم نے عوام میں شعور پیدار کیا ہے کہ وہ پاکستان مسلم لیگ(ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کو آئندہ انتخابات میں مسترد کردیں،دونوں جماعتیں حکومتوں میں رہی اور 3دہائیوں سے اپنے خاندان کے لیے دولت جمع کی۔انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ریاستی وسائل کا منصفانہ استعمال نہیں کیا
اور لاہور سمیت تمام جگہ بڑے منصوبوں میں ان کے ذاتی مفاد شامل تھے۔حکومت نے شہریوں کا زندگی کا معیار بہتر کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے، لاہور میں پنجاب کا 66فیصد بجٹ استعمال کرنے کے باوجود اب بھی لوگوں کو پینے کا صاف پانی اور ہسپتال میں صحت کی بنیادی سہولیات میسر نہیں۔2018ء میں پی ٹی آئی کی حکومت بننے کے امکانات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوسری جماعتوں خاص طور پر مسلم لیگ (ن) کی خرابیوں کے باعث لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں اور تحریک انصاف اس پوزیشن میں ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں حکومت بنا لے گی۔پی ٹی آئی اپنے نعرے ایک پاکستان پر عمل کر رہی ہے، جہاں امیر اور غریب کے لیے سب کچھ برابر ہوگا۔شفقت محمود نے کہا کہ 2013ء میں ان کی جماعت نے پنجاب میں قومی اسمبلی کی صرف 8نشستیں جیتی تھیں لیکن اس وقت ان کی جماعت کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف پنجاب سے کم از کم قومی اسمبلی کی 90نشستوں پر کامیاب ہوگی۔انہوں نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں ان کی جماعت نے 85فیصد نئی امیدواروں کو جبکہ 35فیصد نوجوانوں کو ٹکٹ دینے کا تجربہ کیا تھا اور کچھ معاملات میں اس طرح کے تجربے کام کرجاتے ہیں۔پارٹی امیدواروں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پارٹی نے اب زمینی حقائق پر توجہ دی ہوئی ہے اور وہ چاہتی ہے کہ ایسے امیدوار سامنے لائے جائیں جو انتخابات میں کامیابی حاصل کرسکیں۔