اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد کا نیا ائیر پورٹ بالکل تیار ہے جس کا افتتاح 20 اپریل کو ہونے جارہا ہے لیکن آج ہم آپ کو اس ائیر پورٹ پر مہیا چند جدید سہولیات میں سے ایک کا ذکر کرتے ہیں ۔جی ہاں اگر آپ یہاں اپنا موبائل فون چارجنگ پر لگا کر بھول جائیں تو 10 روز بعد بھی بالکل اسی جگہ سے ملے گا جہاں آپ نے چارجنگ پر لگایا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ائیرپورٹ پر مسافروں کیلئے اپنے برقی آلات کی چارجنگ کیلئے سٹیشن
مختص کیا گیا ہے جن کی چوری کی روک تھام کیلئے علیحدہ علیحدہ چارجنگ باکسز بنائے گئے ہیں۔ ان باکسز کی خصوصیت یہ ہے کہ ایک مرتبہ موبائل فون یا پھر کوئی دوسری ڈیوائس چارجنگ کیلئے رکھی جائے تو صرف اس کے مالک کے انگلیوں کے نشان سے ہی باکس کو دوبارہ کھولا جا سکے گا۔اس طرح متعلقہ شخص بھول جانے کی صورت میں کسی بھی وقت واپس آ کر خود اپنے ہاتھوں سے باکس کو کھول کر اپنی چیز کو واپس حاصل کر پائے گا۔