اسلام آباد(این این آئی )سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی ہماری منزل مقصود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئین ریاست کے ہر شہری کو بنیادی حقوق جمہوریت اور سیکورٹی کی ضمانت دیتا ہے اس کے تقدس کو برقرار رکھنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوم دستور کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کیا جو ملک بھر میں 10اپریل کو منایا جا رہا ہے ۔
سپیکر قومی اسمبلی نے آئین کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 45سال قبل ملک کی پہلی جمہوری طور پر منتخب ہونے والی متفقہ کے نمائندوں نے ملک کو جمہوریت ،امن و تر قی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے متفقہ طور پر آئین پاکستان کی منظوری دی ۔انہوں نے افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 45سالوں کے دوران غیر جمہوری قوتوں نے جمہوری طور پر منتخب حکومتوں کو ختم کر کے آئین کو معطل کیا جس کی وجہ سے مضبوط وفاق کو دھچکا پہنچا ان غیر جمہوری اقدامات سے ملک میں پروان چڑھنے والے جمہوری کلچر سیکورٹی ،انسانی حقو ق اور تر قی پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ۔جمہوری قوتوں کی ملک میں جمہوریت کی بحالی اور آئین کی بالادستی کے لیے قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ آئین کی بحالی کے لیے جمہوری قوتو ں کو آمریت کے دوران بے پناہ مصائب کے باوجود اور جمہوریت کی بحالی کے لیے اپنی کوشش جاری رکھیں ۔انہوں نے آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی بحالی کے لیے قربانیاں دینے والے گمنام ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان جمہوریت کے گمنام ہیروز نے آئین کے تقدس کے لیے آمروں کی طر ف سے نہ صرف کوڑے کھانے اور قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں بلکہ پھانسیاں تک قبول کیں سپیکر نے کہا کہ اب یہ موجود ہ سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین پر عمل درآمد کرتے ہوئے وفاقی اکائیوں کو آئین میں دیے گئے اختیارات اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی دن ہمیں اس مقدس دستاویز کے ہر حرف کے تحفظ کرنے کے عہد کا موقع فراہم کرتا ہے جس کی وجہ سے ہم بحثیت قوم برابری کی سطح پر اکٹھے ہیں ۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آئین کا دن منانے کا مقصد اس کی بالادستی کو بر قرار رکھنے کے عزم کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کو اس کی اہمیت و افادیت کو اجا گر کرنا ہے ۔