جمعرات‬‮ ، 23 جنوری‬‮ 2025 

عمران خان نے اسلام آ باد میں دھرنا دے کرپاکستان کے 22کروڑ عوام کے خلاف سازش کی، میں دیکھوں گا کون پاکستان کے پاسپورٹ کی بے عزتی کرتا ہے ،شہباز شریف کا دبنگ بیان

datetime 8  اپریل‬‮  2018
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور( پ ر) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ عوام بتائیں گے کہ ہم نے کتنی خدمت کی ۔صوبہ کی 11کروڑ عوام کے لئے اپنا خون پسینہ بہایا ۔اللہ تعالی کے فضل اور عوام کی تائید سے اگلے الیکشن کے بعد پی ٹی آئی کی منفی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کردیں گے ۔نوجوان بلاول کے بیان کے بعد اب کوئی ابہام نہیں رہاکہ پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کو سینیٹ کے الیکشن میں ووٹ دیا۔مسلم لیگ (ن) مضبوط ہو تو پاکستان مضبوط ہوگا اور پاکستان مضبوط ہوگا تو کشمیر بنے گا پاکستان،اسی نعرے پر پاکستان کے عوام کے دل دھڑکتے ہیں ۔

غربت ختم ہوگی ، قوم ترقی کرے گی ، صنعت و زراعت کو فر وغ ملے گا ، مزدور کو روزگار ملے گا تو میں دیکھوں گا کہ کون پاکستان کے پاسپورٹ کی بے عزتی کرتاہے۔گزشتہ 5سال میں محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان او رپنجاب میں جو بے مثال اورشاندار ترقیاتی کام ہوئے ہیں ان کی پاکستان کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔2013ء میں جب پاکستان مسلم لیگ(ن) برسراقتدار آئی تو ملک میں ہر طرف اندھیروں کا راج تھا،بجلی جاتی تھی تو واپس نہیں آتی تھی۔ہماری حکومت نے گزشتہ پونے 5برسوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری سے ہزاروں میگا واٹ بجلی کے منصوبے مکمل کئے ہیں جن سے پورے پاکستان کے لئے بجلی پیدا ہورہی ہے۔ 2013 ء میں بجلی 22، 22گھنٹے جاتی تھی جبکہ آج گرمی کے موسم میں بھی بجلی موجود ہے اور اگر اللہ نے چاہا تو روا ں سال کے آخر میں پاکستان سے ہمیشہ کے لئے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا۔تحریک انصاف اوراس کے لیڈر عمران نیازی نے 2014ء میں اسلام آباد میں دھرنے دے کر پاکستان مسلم لیگ(ن) او رنوازشریف کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان کے 22کروڑ عوام کے خلاف سازش کی۔تحریک انصاف کی سیاست انتشار، دھرنوں، تالہ بندی، لاک ڈاؤن ، اداروں کو یرغمال بنانا،پارلیمان پر حملہ کرنا، گالم گلوچ، الزام تراشی اور مخالفین کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنا ہے۔اگر عوام نے ہمیں اپنے ووٹ کی طاقت سے دوبارہ خدمت کا موقع دیا تو تحریک ا نصاف او راس کے لیڈر کی اس منفی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کردیں گے۔

وزیراعلی محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار آج کمالیہ میں ایک بہت بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلی نے کہاکہ مجھے آج ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عوام سے ملکر بے حد خوشی ہورہی ہے اورمیں جلسے میں موجود نوجوانوں ، کسانوں ، بزرگوں اور اپنے بھائیوں کو سلام پیش کرتا ہوں ۔انہوں نے کہاکہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پچھلے 5سال کے دوران ساڑھے 12ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جن میں تعلیمی ادارے ، انفراسٹرکچر، کھیلوں کے میدان، صحت کے منصوبے ، ای لائبریری اور فراہمی و نکاسی آب کی سکیمیں شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پکیاں سڑکا ں تے سوکھے پینڈے پروگرا م کے تحت ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دیہی علاقوں میں شاندار کارپٹڈ سڑکیں بنائی گئی ہیں جن سے دیہی آبادی کو بے پناہ فائدہ مل رہاہے۔45کروڑ روپے کی لاگت سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تعمیر نو کی جا رہی ہے اور اس ضلعی ہسپتال میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے نظام چلایا جا رہا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں اعلی معیار کی ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملتان میں میٹروبس آچکی ہے دوبارہ خدمت کا موقع ملاتو فیصل آباد میں بھی میٹروبس لائیں گے او رٹوبہ ٹیک سنگھ کو ترقی کے لحاظ سے فیصل آباد کے ہم پلہ کریں گے۔

انہوں نے بجلی بحران کے خاتمے کے لئے مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی کاوشوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی اور پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے بھکھی، بلوکی اور حویلی بہادر شاہ میں 3600میگا واٹ کے گیس پاور پلانٹ لگائے ہیں جبکہ ساہیوال میں 1320میگا واٹ کا کول پاور پلانٹ مکمل کیا گیاہے جس میں چین کی حکومت نے سرمایہ کاری کی ہے۔پورٹ قاسم کراچی میں 1320میگا واٹ کا کول پاور پلانٹ چین کی سرمایہ کاری سے چالو ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک کی 70سالہ تاریخ میں کونسا ایسا موقع تھا کہ جب کسی حکومت نے اس طرح دل وجان سے عوام کی خدمت کی ہو۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے دن رات محنت سے کام کیا ہے۔گزشتہ ساڑھے 9سالوں میں پنجاب ایجوکیشنل ا نڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے قوم کے غریب، بے سہارا اور یتیم ہونہار بچے اور بچیوں کو 11ارب روپے کے تعلیمی وظائف دئیے گئے ہیں اور اس تعلیمی فنڈ سے ہزاروں بچے اور بچیاں ڈاکٹرز ، انجینئرز بن کر ملک وقوم کی خدمت کر رہے ہیں۔میں پوچھتا ہوں کہ یہ انقلاب نہیں تو اور کیا ہے۔محمد نوازشریف او رپنجاب کی حکومت نے کسانوں کو آدھی قیمت پر کھاد فراہم کی او رزرعی ٹیوب ویلوں پر بجلی کی مد میں اربوں روپے کی سبسڈی دی گئی

اور ملک کی تاریخ کا یہ پہلا موقع ہے کہ چھوٹے کاشتکاروں کو اربوں روپے کے بلاسود قرضے دئیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ مخالفین ہمارے کاموں کی مخالفت کررہے ہیں جنہوں نے اپنے صوبوں میں داخل ہو کر عوام سے ہاتھ ملانا بھی پسند نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ تحریک ا نصاف کے لیڈر عمران نیازی نے چین کے صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر اسلام آباد میں دھرنا دیا ،انہیں معلوم تھا کہ چینی صدر کے دورے کے دوران بجلی ، انفراسٹرکچر، اورنج لائن میٹرو ٹرین، گوادر پورٹ او ردیگر ترقیاتی منصوبوں پر دستخط ہونے تھے۔ نیازی صاحب جانتے تھے کہ اگر یہ معاہدے طے پا گئے تو پاکستان نوازشریف کی قیادت میں ترقی کر جائے گا

اسی لئے خان صاحب نے سول نافرمانی کی تحریک چلائی ، بجلی کے بل نہ ادا کرنے کی دھمکی دی اور شہروں کو بند کر کے عوام کی ترقی کے خلاف گھناؤنی سازش کی ۔چین کے صدر اپریل 2015ء میں پاکستان آئے اور معاہدوں پر دستخط ہوئے۔اگر عمران خان دھرنوں کے ذریعے 7ماہ ضائع نہ کرتے تو یہ معاہدے پہلے شروع ہوجاتے او رلوڈشیڈنگ ختم ہوچکی ہوتی لیکن ہمیں آگے بڑھنا ہے او رملک وقوم کو ترقی دینا ہے۔وقت آگیاہے کہ ہمیں ذاتی انا اور ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے او رمخالفت برائے مخالفت کی روش کو ختم کرنا ہے۔پاکستان سے غربت،جہالت ،بے روزگاری کے خاتمے ،

کشکول گدائی توڑنے اور پاکستان کو قائد ؒ و اقبال ؒ کے تصورات کے مطابق عظیم ملک بنانے کے لئے ذاتی جھگڑوں اور جھوٹے الزامات لگانے کی سیاست کو خیر باد کہنا ہوگا۔وزیراعلی نے کہاکہ اس کے بعد کسی اور ثبوت کی ضرورت نہیں کہ نوجوان بلاول زرداری نے کہاکہ عمران انکل آپ کہتے تھے کہ ہم پیپلز پارٹی کے سا تھ نہیں بیٹھیں گے تو آپ نے سینیٹ کے الیکشن میں ہمارے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کو ووٹ دئیے۔ انہوں نے کہاکہ یہ وہی عمران نیازی ہے جو زرداری کو بہت برے الفاظ سے پکارتے تھے اور اسی عمران نے سینیٹ کے انتخابات میں پی پی کو ووٹ دیا۔نیازی صاحب آپ کس کو بیوقوف بنا رہے ہو؟

وزیراعلی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو یہ بتانے آیا ہوں کہ ہم نے گزشتہ 5سال میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے ۔ہم بھی انسا ن ہیں ، غلطیاں انسانوں سے ہوتی ہیں۔ہم نے دل و جان سے نوازشریف کی قیادت میں ملک و قوم کی خدمت کی ہے اور میں نے بطور خادم پنجاب صوبے کے 11کروڑ عوام کے لئے اپنا خون پسینہ بہایا ہے اور اگر ہمیں عوام نے دوبارہ خدمت کا موقع دیا تو آ ئندہ 5 سالوں میں پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک طاقتور او رترقی یافتہ ملک بن کر ا بھرے گا۔ کوئی ہمیں غریب اور انتشار پسندی کا طعنہ نہیں دے گا۔انہوں نے کہاکہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں ،ان کی خدمت کے لئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں ،

انہیں تعلیم او رروزگار کی فراہمی کے تمام وسائل ان کے قدموں تلے نچھار کر دیں گے ۔وزیراعلی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بیٹے اور بیٹیاں خون کا نذرانہ دے رہے ہیں۔بھارتی وزیراعظم او راس کی مسلح افواج نے نہتے کشمیروں پر ظلم و ستم کی انتہاء کر دی ہے۔ہمیں موقع ملا تو آئندہ 5سالوں میں دن رات محنت کر کے پاکستان کومعاشی طور پر مضبوط بنائیں گے،سبز ہلالی پرچم ترقی کی بلندیوں کو چھوے گا اور سبزپاسپورٹ کی دنیا کے تمام ائیر پورٹ پر عزت ہوگی۔ پھر انشاء اللہ کشمیر بنے گا پاکستان ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ 5سالوں میں پاکستان کو صنعتی ترقی کے لحاظ سے مضبوط کریں گے ۔

نوجوانوں کے لئے روز گار کے مواقع پیدا کریں گے اور پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط ملک بنائیں گے پھر دیکھوں گا کہ کون پاکستان کے سبز پاسپورٹ کی بے عزتی کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ الیکشن میں دوبارہ خدمت کا موقع ملا تو اگلے 5سالوں میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کو ترقی کے لحاظ سے فیصل آباد بنا دیں گے ۔اراکین قومی ا سمبلی چودھری اسد الرحمن ،چودھری خالد وڑائچ ، عائشہ رضا فاروق، ایم پی اے سید قطب علی شاہ ، چیئرمین ضلع کونسل ٹوبہ ٹیک سنگھ فوزیہ خالد وڑائچ اور مسلم لیگی رہنماؤں کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد پنڈال میں موجود تھی۔

موضوعات:

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



اسی طرح


بھارت میں من موہن سنگھ کو حادثاتی وزیراعظم کہا…

ریکوڈک میں ایک دن

بلوچی زبان میں ریک ریتلی مٹی کو کہتے ہیں اور ڈک…

خود کو کبھی سیلف میڈنہ کہیں

’’اس کی وجہ تکبر ہے‘ ہر کام یاب انسان اپنی کام…

20 جنوری کے بعد

کل صاحب کے ساتھ طویل عرصے بعد ملاقات ہوئی‘ صاحب…

افغانستان کے حالات

آپ اگر ہزار سال پیچھے چلے جائیں تو سنٹرل ایشیا…

پہلے درویش کا قصہ

پہلا درویش سیدھا ہوا اور بولا ’’میں دفتر میں…

آپ افغانوں کو خرید نہیں سکتے

پاکستان نے یوسف رضا گیلانی اور جنرل اشفاق پرویز…

صفحہ نمبر 328

باب وڈورڈ دنیا کا مشہور رپورٹر اور مصنف ہے‘ باب…

آہ غرناطہ

غرناطہ انتہائی مصروف سیاحتی شہر ہے‘صرف الحمراء…

غرناطہ میں کرسمس

ہماری 24دسمبر کی صبح سپین کے شہر مالگا کے لیے فلائیٹ…

پیرس کی کرسمس

دنیا کے 21 شہروں میں کرسمس کی تقریبات شان دار طریقے…